واشنگٹن:امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہےکہ پاک بھارت جنگ کے دوران 5 طیارے مار گرائے گئے تھے۔
مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں اپریل میں نامعلوم افراد نے حملہ کیا تھا جس میں 26 افراد مارے گئے تھے۔ بھارت نے بغیر ثبوت دیے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کردیا تھا تاہم پاکستان نے الزام یکسر مستردکرتے ہوئے معاملے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات میں تعاون پر آمادگی ظاہر کی تھی۔
امریکا نے پہلگام واقعہ کی مذمت کی تھی مگر پاکستان پر الزام سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعوے کی حمایت نہیں کی تھی۔
طاقت کے نشے میں مبتلا بھارت نے 7 مئی کو پاکستان پر جنگ مسلط کردی تھی جس کا پاکستان نے بھرپور جواب دیا تھا اور رافیل سمیت بھارت کے 5 طیارے مار گرائے تھے۔
بھارت ان طیاروں کو مارگرائے جانےکی تصدیق سے گریز کرتا رہا ہے۔
تاہم اب امریکا کے صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ری پبلکن اراکین کانگریس سے خطاب کیا جس میں انہوں نے یہ تو نہیں کہا کہ پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے تاہم یہ ضرور کہا کہ حقیقت میں 5 طیارے مار گرائے گئے تھے۔ انہوں نے اس معاملے کی تفصیل نہیں بتائی۔بس کہا کہ صورتحال بدسے بدتر ہو رہی تھی تاہم انہوں نے یہ جنگ رکو ادی۔
مغربی میڈیا کے مطابق بھارت کا بھی دعویٰ تھا کہ اس نے پاکستان کے طیارے مارگرائے ہیں تاہم پاکستان دوٹوک انداز سے واضح کرچکا ہے پاکستان کا کوئی لڑاکا جہاز بھارت نے تباہ نہیں کیا اور بھارت اس کا ثبوت پیش کرنے میں بھی ناکام رہا ہے۔
یاد رہے کہ 7 مئی کو بھارتی حملے کے بعد جنگ میں دونوں جانب سے فائٹر طیاروں، ڈرونز اور آرٹلری کا استعمال کیا گیا تھا جس میں بھارت کو شدید نقصان اٹھانا پڑا تھا۔بالآخر بھارت نے امریکا کی مدد مانگ کر جنگ بندی پرآمادگی ظاہر کردی تھی۔
صدر ٹرمپ اس جنگ بندی کا کریڈیٹ لیتے رہے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ پاکستان اوربھارت دونوں کے رہنماؤں سے بات چیت کے بعد 10 مئی کو یہ جنگ بندی ممکن بنائی گئی تھی کیونکہ انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر دونوں ملک جنگ بندی پر آمادہ نہ ہوئے تو امریکا ان ممالک سے تجارت نہیں کرے گا۔