خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلا دی، مختلف حادثات میں اب تک 61 افراد جاں بحق جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں جبراڑئی کے علاقے میں گزشتہ رات آنے والے سیلابی ریلے سے متعدد گھر تباہ ہو گئے اور رابطہ سڑکیں اور پل پانی میں بہہ گئے۔
حکام کے مطابق مختلف حادثات میں اب تک 21 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ 7 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ تین زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ضلع مانسہرہ کے علاقے بٹگرام میں رات گئےکلاؤڈ برسٹ سے متعدد افراد ریلے میں بہہ گئے۔ بٹگرام میں 7 افراد جاں بحق اور شانگلہ میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔
پولیس کے مطابق علاقے میں کئی مکانات تباہ اور بڑی تعداد میں مال مویشی بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔
پرونشل ڈیزاسٹر مینجنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے صوبے میں کلاؤڈ برسٹ، بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے جاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے کے 5 اضلاع میں کلاوڈ برسٹ اور بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 43 افراد جاں بحق ہوئے۔ جاری تفصیلات کے مطابق باجوڑ میں 21، سوات میں 4، دیر لوئر میں 5، بٹگرام میں 7 اور شانگلہ میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ باجوڑ میں 8 اور دیرلوئر میں4 افراد زخمی ہوئے۔