کراچی:محکمہ صحت سندھ نے صوبے بھر میں ڈینگی کے مصدقہ کیسز سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق سندھ بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر ڈینگی کے 5 ہزار 295 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 1 ہزار 213 کیسز مثبت آئے ہیں۔
کراچی ڈویژن میں 3 ہزار 721 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 591 مثبت کیسز کی تصدیق ہوئی۔ حیدرآباد ڈویژن میں 1 ہزار 574 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 622 کیسز مثبت آئے۔
سیکریٹری محکمہ صحت ریحان بلوچ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں 115 نئے کیسز داخل ہوئے جبکہ پرائیویٹ اسپتالوں میں 128 نئے مریض داخل ہوئے۔ صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں سے 105 مریض جبکہ پرائیویٹ اسپتالوں سے 80 مریض صحتیاب ہوکر گھر گئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر سے 4اموات رپورٹ ہوئیں۔اس وقت صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد 217 جبکہ پرائیویٹ اسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد 239 ہے۔کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے 256 بیڈ مختص جبکہ حیدرآباد میں 159 اور اندرون سندھ میں 562 ہے جبکہ صوبے بھر میں ڈینگی کے مریضوں کےلیے 977 بیڈ مختص کیے گئے ہیں۔
کراچی کے پرائیویٹ اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے 183 بیڈ مختص جبکہ حیدرآباد میں 190 اور اندرون سندھ میں 86 ہے جبکہ صوبے بھر میں ڈینگی کے مریضوں کےلیے 459 بیڈ مختص کیے گئے ہیں۔
سیکریٹری ریحان بلوچ نے مزید بتایا کہ صوبے بھر میں اس وقت 54 لیباریٹریز سے ڈیٹا وصول کیا جارہا ہے۔کراچی میں کل 37 لیبارٹریز ڈینگی ٹیسٹنگ کر رہی ہیں جن میں 13 سرکاری اور 24 نجی لیبارٹریز شامل ہیں۔حیدرآباد میں ڈینگی ٹیسٹنگ کے لیے 17 لیبارٹریز سرگرم ہیں جن میں 6 سرکاری اور 11 نجی لیبارٹریز شامل ہیں۔



