بدھ, اگست 13, 2025
E-Paper
الرئيسيةکالمریاست بےحس، قوم بےحال!

ریاست بےحس، قوم بےحال!

تحریر: محمد علی ابڑو

گزشتہ روز سوات میں پیش آنے والا واقعہ صرف ایک حادثہ نہیں بلکہ اس ملک کی ریاستی ناکامی، حکومتی غفلت اور بےحسی کا منہ بولتا ثبوت ہے

پہاڑوں کے درمیان پھنسے ہوئے سیاح جب مدد کے لیے چیختے رہے، تب وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے کوئی فوری عملی اقدام نہ ہونا ایک سوالیہ نشان بن گیا کیا ہمارے حکمرانوں کو عوام کی زندگیوں کی کوئی پرواہ باقی رہ گئی ہے؟

ملک کا بجٹ آئے تو اربوں روپے وزیروں، مشیروں، سیکریٹریوں، اور اشرافیہ کی عیاشیوں کے لیے مختص کر دیے جاتے ہیں

وزیر اعظم کے جہاز کی مرمت ہو یا وزیر اعلیٰ کی گاڑی کا فرش، ہر چیز کے لیے پیسہ موجود ہوتا ہےلیکن جب بات آتی ہے ایک عام پاکستانی کی، وہ پاکستانی جو ٹیکس دیتا ہے، ووٹ دیتا ہے، قربانیاں دیتا ہے تو ایمرجنسی کی حالت میں بھی اس کے لیے کچھ نہیں بچتااسپتالوں میں آکسیجن نہیں، ریسکیو اداروں کے پاس عملہ نہیں، اور متاثرین کے لیے خیمے تک میسر نہیں

گلہ کس سے کیا جائے؟ شہباز شریف سے، جو صرف بیانات میں متحرک نظر آتے ہیں؟ یا گنڈاپور سے، جن کی ترجیحات میں “وزیر بننے” کی خوشی ہے، نہ کہ “ذمے داری ادا کرنے” کی سنجیدگی؟ یہ حکمران اشرافیہ نہ صرف بےحس ہے بلکہ یہ طے کر چکی ہے کہ عام آدمی کو مصیبتوں میں مبتلا رکھنا ہی اس کی حکمرانی کی ضمانت ہے اگر عوام تعلیم یافتہ، بااختیار، اور محفوظ ہو گئے تو یہ سوال پوچھنے لگیں گے جو اشرافیہ کو ہرگز گوارا نہیں

کیا یہ بدقسمتی نہیں کہ ایک ایسا ملک جو ایٹمی طاقت ہے، وہ چند سیاحوں کو بروقت ریسکیو کرنے کے قابل نہیں؟ وہ ملک جو دنیا کے چوتھے نمبر کا سب سے زیادہ امداد لینے والا ملک ہے، وہاں ایمرجنسی ریسپانس یونٹ تک دستیاب نہیں؟ وہ قوم جو سوشل میڈیا پر انقلاب کا خواب دیکھتی ہے، وہ زمینی حقائق پر خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے

یہ کالم صرف سوات کے حادثے پر ماتم نہیں بلکہ ایک چیخ ہے ایک پکار ہے کہ خدارا جاگو!

قوم جاگے گی تو حکمران بدلیں گے، ورنہ یہی اشرافیہ اپنے بچوں کے لیے لندن کے اسپتال محفوظ رکھے گی، اور ہمارے بچوں کے لیے لاشیں

اگر اب بھی نہ جاگے، تو پھر ہر نیا سانحہ، ہر نئی موت، اور ہر نیا زخم ہمارا اپنا انتخاب ہوگا

ملک کو نوچنے والے مسلط رہیں گے، اور عام آدمی کفن کا بندوبست خود کرتا رہے گا

مقالات ذات صلة

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا

- Advertisment -
Google search engine

الأكثر شهرة

احدث التعليقات