حیدرآباد شہر میں کلاؤڈ برسٹ ہوا ہے، شدید موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
حیدرآباد، ٹنڈو الٰہ یار، ٹنڈو محمد خان ، جامشورو، مٹیاری اور ہالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ موسلا دھاربارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر زین العابدین کا کہنا ہےکہ حیدرآباد شہر میں کلاؤڈ برسٹ ہوا ہے، الرٹ جاری کیا ہے، پمپنگ اسٹیشنوں کو چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ پھلیلی نہر کی پانی کی سطح زیرو کرنےکے لیے محکمہ آبپاشی کو ہدایت کی ہے، بجلی کی عدم فراہمی کے باعث جنریٹر سے پانی کی نکاسی کر رہے ہیں۔
حیدرآباد میں شدید موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ ترجمان حیسکو کے مطابق حیدرآباد ریجن کے 220 فیڈر ٹرپ کرگئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حیدرآباد شہر کے علاقوں میں 53 ملی میٹر اور ائیر پورٹ پر 50 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ٹنڈوالٰہ یار میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔