کراچی (رپورٹ: قاضی ہالار)ڈیفنس تھانے کی حدود میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک جعلی صحافی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم مختلف علاقوں میں خود کو صحافی ظاہر کر کے شہریوں اور تاجروں سے رقوم وصول کرتا تھا۔
کارروائی ایس ایچ او ڈیفنس کی نگرانی میں کی گئی۔ ملزم کے قبضے سے جعلی پریس کارڈز، موبائل فون اور دیگر دستاویزات برآمد ہوئیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ماضی میں بھی بھتہ خوری کے مقدمات میں جیل جا چکا ہے اور اس کا کرمنل ریکارڈ پولیس کے پاس موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق صفدر آرائین نے کورنگی کے علاقے میں جعلی پریس کلب قائم کر رکھا تھا، جس کا وہ خود کو صدر ظاہر کرتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اس جعلی ادارے کے ذریعے لوگوں کو دباؤ میں لانے اور رقوم وصول کرنے میں ملوث رہا ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، تاکہ اس کے دیگر ساتھیوں اور متاثرہ افراد کی نشاندہی کی جا سکے۔



